ریگولیشن سے متعلق نجی بل سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع
اسلام آباد: سینیٹر سرمد علی نے الیکٹرانک نیکوٹین فراہمی کے نظام کی ریگولیشن سے متعلق نجی بل سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا ہے۔
بل کے مطابق الیکٹرانک نیکوٹین سے مراد بیٹری سے چلنے والا کوئی بھی آلہ ہے جس میں نیکوٹین یا بخارات موجود ہوں جو سانس کے ذریعے استعمال کیے جائیں۔ بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ الیکٹرانک نیکوٹین مصنوعات کے پیکٹ چھیڑ چھاڑ سے محفوظ، بچوں کی پہنچ سے دور اور واضح انتباہ کے ساتھ فروخت کیے جائیں۔ ان پر اجزاء، نشہ آور ہونے کی تنبیہ اور "18 سال سے کم عمر افراد کے لیے ممنوع” کا انتباہ درج ہوگا۔
بل کے تحت الیکٹرانک نیکوٹین مصنوعات کی تیاری، فروخت اور درآمد صرف پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے معیار کے مطابق ہی ممکن ہوگی۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک نیکوٹین کے اشتہارات، فروغ اور اسپانسرشپ پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔
بل میں خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے 50 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک جرمانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ عوامی مقامات، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں کے 50 میٹر کے دائرے میں ان مصنوعات کے استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں 2 لاکھ روپے اور جرم دہرانے پر 5 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔