علی امین گنڈاپور وزارتِ اعلیٰ سے فارغ، سہیل آفریدی نئے وزیرِاعلیٰ نامزد
راولپنڈی — تحریک انصاف میں ایک بڑی سیاسی ہلچل کے بعد خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر نوجوان ایم پی اے سہیل آفریدی کو نیا وزیرِاعلیٰ نامزد کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اڈیالہ جیل میں ہونے والی پارٹی قیادت کی اہم مشاورت کے دوران کیا گیا، جس میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال اور حکومتی کارکردگی پر تفصیلی غور ہوا۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی سے ناخوش تھے، اسی وجہ سے علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹا کر سہیل آفریدی کو صوبے کی نئی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔
علی امین گنڈاپور نے بھی وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “وزارتِ اعلیٰ کی پوزیشن بانی کی امانت تھی، اور میں وہ امانت ان کے حکم کے مطابق واپس کر رہا ہوں۔”
سیاسی ذرائع کے مطابق حالیہ ہفتوں میں علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے درمیان سخت بیان بازی نے پارٹی قیادت میں کشیدگی پیدا کی تھی، جس کے نتیجے میں یہ بڑا فیصلہ سامنے آیا۔
نومنتخب وزیرِاعلیٰ نامزد سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کے خلاف ایم سی سی آئی میں ایک انکوائری بھی جاری ہے، تاہم پارٹی قیادت نے انہیں “نئی توانائی اور متحرک قیادت” کے طور پر سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کے اندر اس فیصلے کو “تبدیلی کا نیا باب” قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام پارٹی کے اندرونی اختلافات کے ازالے کی ایک بڑی کوشش ہے۔