سیمسن گروپ کے انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے وفد کی ہارون اختر خان سے ملاقات
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے سیمسن گروپ آف کمپنیز کے انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں لارڈ عامر سرفراز آف کینسنگٹن، جنرل پیٹرک سینڈر، میاں یوسف جمال شاہ، وقار ملک، گروپ سی ای او وسیم الرحمن، بیرسٹر منصور شاہ، جنرل مینیجر مارٹن شلز اور کرنل آصف چوہدری شامل تھے۔
ہارون اختر خان نے پی سی مالم جبہ اور مالم جبہ ریزورٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا
وژن پاکستان کے سیاحتی شعبے کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ شمالی علاقہ جات میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ہارون اختر نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق مالم جبہ ریزورٹ جیسے منصوبے پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں۔
انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ اور سی ای او مالم جبہ نے شمالی علاقوں میں عالمی معیار کے ریزورٹس کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے بین الاقوامی سیاحوں کو پاکستان کی جانب راغب کریں گے اور مہمان نوازی کے شعبے کو مزید مستحکم بنائیں گے۔