میرپور: ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے دنیائے کرکٹ کو حیران کردیاہے ۔ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں فاسٹ باولرز کے بجائے پورے پچاس اوورز اسپنرز نے کرواکر کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کردیا ہے ۔
میرپور میں ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کی ٹیمیں مد مقابل تھیں جہاں پہلے بنگلا دیش نے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ پر 213 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز نے بنگلا دیش کے خلاف میچ میں 5 اسپنرز استعمال کیے اور پورے 50 اوورز اسپنرز نے ہی کروائے۔ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے پورے 50 اوورز اسپنرز سے کروائے ہوں۔
جواب میں ویسٹ انڈیز نے بھی 9وکٹ پر 213رنز اسکور کیے اور میچ ٹائی ہوا۔ بنگلادیش نے بھی ویسٹ انڈیز کی اننگز میں 42 اوورز اسپنرز سے کروائے جس کے بعد ون ڈےکے کسی بھی میچ میں اسپنرز سے سب سے زیادہ اوورز کروانے کا ریکارڈ بن گیا۔
بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے میچ میں مجموعی طور پر 100 میں سے 92 اوورز اسپنرز نے کروائے۔ جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹائی ہونے والے میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جس میں ویسٹ انڈیز نے میزبان ٹیم کو ہرا دیا۔ سپر اوور میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 10 رنز بنائے، جواب میں بنگلا دیش کی ٹیم ایک وکٹ پر 9 رنز بناسکی۔دونوں ملکوں کےدرمیان 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔