چائنہ کی فلم پاکستنان میں ریلیز کی جائے گی
اسلام آباد (صبا طاہر مغل) — ثقافتی اور فلمی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ ایچ کے سی انٹرٹینمنٹ نے مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے اعلان کیا ہے کہ چینی اینیمیٹڈ شاہکار ’نی ژا 2‘ جمعہ، 31 اکتوبر 2025 سے پاکستان بھر کے سینماؤں میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔
یہ ریلیز پاک چین ثقافتی و فلمی تعلقات میں ایک تاریخی موقع کی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ کئی برسوں بعد پہلی بار کوئی چینی فلم پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔
دنیا بھر میں ریکارڈ توڑنے والی فلم ’نی ژا 2‘ اب تک دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اینیمیٹڈ فلم بن چکی ہے، جس نے 2.2 ارب امریکی ڈالر سے زائد کا بزنس کیا۔ یہ عالمی سطح پر پانچویں اور چین کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے۔
فلم کے پریمیئر کی تقریب میں چینی سفارت خانے کے منسٹر کاؤنسلر ہز ایکسی لینسی شی یوان چیانگ نے خصوصی شرکت کی، جس سے تقریب کی سفارتی اور ثقافتی اہمیت مزید بڑھ گئی۔
اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ’نی ژا 2‘ کی ریلیز صرف ایک فلمی تقریب نہیں بلکہ پاکستان اور چین کی ناقابلِ شکست دوستی کا ثقافتی اور سیاسی اظہار ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا کہ یہ پیش رفت علاقائی سینما کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب چین کی سب سے بڑی فلم پاکستان آ رہی ہے۔
جبکہ دوسری جانب پاکستان کی بلاک بسٹر ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ چین میں ریلیز ہونے جا رہی ہے ، جو پاکستانی فلم سازی کے عالمی سفر کا ایک مضبوط قدم ہے۔