مہاجرینِ جموں و کشمیر مانک پیاں
مظفرآباد ۔۔ اقبال میر
مہاجرینِ جموں و کشمیر مانک پیاں کی نمائندہ تنظیم مجلسِ شوریٰ مہاجرینِ جموں و کشمیر کی تنظیمِ نو مکمل کرلی گئی۔ متفقہ فیصلے کے تحت ڈاکٹر محمد یونس میر بلا مقابلہ امیر مجلسِ شوریٰ منتخب ہوئے۔
تنظیم کے سرپرستِ اعلیٰ کے طور پرمحمد صادق خان، رفیق قریشی اور چوہدری شبیر کو نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر عہدیداران میں حافظ عبدالشکور سینئر نائب امیر، سید نذیر شاہ نائب امیر، سردار جاوید چیف آرگنائزر، جاوید قریشی نائب صدر، اقبال خان جنرل سیکرٹری، ادریس قریشی ڈپٹی جنرل سیکرٹری، محمد ارشاد ڈار سیکرٹری اطلاعات، شفیق کرناہی جوائنٹ سیکرٹری، شمیم احمد ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، رانا یاسین میڈیا ایڈوائزر، ولید زمان سیکرٹری مالیات، چوہدری خورشید سینئر ممبر، جبکہ اسماعیل شاہ اوریوسف جگوال سینئر رہنماؤں کے طور پر منتخب ہوئے۔
یہ انتخاب مجلسِ شوریٰ کے ایک اہم اجلاس میں عمل میں آیا، جس میں مانک پیاں مہاجر کیمپ کے زعماء، عمائدین اور اراکینِ شوریٰ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمِ نو کے فیصلے متفقہ طور پر منظور کیے گئے۔
*امیر مجلس شوریٰ ڈاکٹر محمد یونس میر نے اس موقع پر کہا کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر نے تحریکِ آزادی کشمیر اور تکمیلِ پاکستان کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری جدوجہد آزادی خون کے آخری قطرے تک جاری رہے گی۔ آزاد کشمیر میں بسنے والے مہاجرین تحریکِ آزادی کے ہر اول دستے اور پاکستان کے بلا معاوضہ سپاہی ہیں۔”
انہوں نے حکومتِ آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاجرین کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دے۔ کیمپوں میں صاف پانی کی فراہمی، صحت و تعلیم کی سہولتوں اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ڈاکٹر یونس میر نے خاص طور پر *مانک پیاں کے لیے منظور شدہ دریا پر پل کی تعمیر* جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "مہاجرین کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے، ہمیں تنہا نہ چھوڑا جائے۔ عوام نے جو اعتماد کیا ہے، ہم پہلے سے بڑھ کر اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔”
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ "پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ہم اپنے مشن پر قائم ہیں اور رہیں گے۔”