وفاقی حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل کر دیا، عوام کو ممکنہ ریلیف نہ مل سکا
وفاقی حکومت نے پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 1 روپے 60 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 79 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جو اس سے قبل 78 روپے 2 پیسے فی لیٹر مقرر تھی۔
ماہرین کے مطابق پیٹرول پر لیوی نہ بڑھائی جاتی تو قیمت میں ممکنہ کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا سکتا تھا، تاہم اضافے کے باعث یہ ریلیف ختم ہوگیا۔
دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 1 روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی کم ہو کر 75 روپے 41 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جو پہلے 77 روپے 1 پیسہ فی لیٹر تھی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اگر ڈیزل پر لیوی میں کمی نہ کی جاتی تو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ ممکن تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر لیوی کی نئی شرح کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رات گئے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 6 روپے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت 9 روپے 29 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی یہ نئی قیمتیں 30 نومبر تک نافذ العمل رہیں گی۔