آرمڈفورسز شہد پیکج کے تحت233فیصد کا اضافہ
حکومت نے سول آرمڈ فورسز کے شہداء پیکج میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے معاوضہ 233 فیصد تک بڑھا دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن وزارتِ داخلہ نے وفاقی کابینہ کے 26 اگست 2025 کے فیصلے کے بعد جاری کر دیا ہے۔ نئے پیکج کا اطلاق کابینہ کے فیصلے کی تاریخ سے ہوگا۔
نئے معاوضہ پیکج کے تحت سول آرمڈ فورسز کے لیے سیکیورٹی سے متعلق کم سے کم مالی معاوضہ 30 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ معاوضہ ایک کروڑ سے بڑھا کر دو کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔
گریڈ 1 سے 9 تک شہداء کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے، گریڈ 10 سے 15 تک ایک کروڑ 25 لاکھ روپے، گریڈ 16 اور 17 کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے، گریڈ 18 اور 19 کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے اور گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے لیے دو کروڑ روپے ادا کیے جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شہداء کے اہل خانہ کو مکمل تنخواہ، الاؤنسز اور پینشن کے ساتھ سرکاری ملازمت، مفت علاج و تعلیم، میرج گرانٹ، ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ سول آرمڈ فورسز کی خدمات، قربانیوں اور قومی سلامتی میں ان کے کردار کا اعتراف ہے۔
سول آرمڈ فورسز میں پنجاب رینجرز، سندھ رینجرز، ایف سی نارتھ اور ایف سی ساوتھ خیبر پختونخوا اور بلوچستان، پاکستان کوسٹ گارڈز، گلگت بلتستان اسکاوٹس اور فیڈرل کانسٹیبلری شامل ہیں۔ نئے پیکج کے تحت ان اداروں سے تعلق رکھنے والے شہداء کے خاندانوں کو بہتر معاشی تحفظ فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔