اسلام آباد۔۔
وفاقی حکومت نے نو مئی فسادات کے تناظر میں سیاسی افراتفری پھیلانے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سمیت متعدد رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں شامل کر دیے۔ فہرست میں شاہ محمود قریشی، عمر ایوب، فواد چوہدری، شبلی فراز، علی امین گنڈہ پور، شیری مزاری اور دیگر شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ای سی ایل میں شامل کیے جانے والے رہنماؤں میں بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی، عمر ایوب، فواد چوہدری اور شبلی فراز شامل ہیں۔ اسی فہرست میں علی امین گنڈہ پور، شہریار آفریدی اور عثمان ڈار کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔شیری مزاری، زرتاج گل، مسرت جمشید چیمہ اور کنول شوزب کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ شیخ رشید، شیخ راشد اور میجر ریٹائرڈ طاہر صادق کے نام بھی فہرست کا حصہ ہیں۔ راجہ بشارت اور واثق قیوم عباسی سمیت دیگر شخصیات کو بھی پابندی کا سامنا ہوگا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے ناموں کی فہرست سمیت سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوائی تھیں، جنہیں ای سی ایل کمیٹی نے منظور کرکے وفاقی حکومت کو حتمی منظوری کے لیے ارسال کیا۔