امیرمقام کی زیرِ صدارت مسلم لیگ (ن) کی پولیٹیکل کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد:
مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت مسلم لیگ (ن) کی پولیٹیکل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر نجیب نقی، سینئر نائب صدر مشتاق منہاس، سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی, عبدالرحمن آرائیں سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزادکشمیر کی ترقی اور وہاں کے عوام کو سہولیات فراہم کرنا مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے۔مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی قیادت پارٹی کو منظم اور متحرک کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے، اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے آیندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ یہی وہ جماعت ہے جو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف آزادکشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔