سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کی اپ لوڈنگ میں 20 فیصد کمی
اسلام آباد: سالانہ بنیادوں پر سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کی اپ لوڈنگ میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر موجود 88 ہزار 35 غیر اخلاقی اور غیر قانونی ویب سائٹس اور یو آر ایل بلاک کیے گئے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران ایک لاکھ 9 ہزار 771 یو آر ایل بند کیے گئے تھے، جس کے مقابلے میں رواں سال نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کارروائی ٹک ٹاک پر کی گئی، جہاں 35 ہزار ویب پیجز بلاک کیے گئے۔ فیس بک پر 25 ہزار 482 غیر اخلاقی اور غیر قانونی ویب پیجز بند کیے گئے، جبکہ انسٹاگرام پر 13 ہزار 242 اور یوٹیوب پر 8 ہزار 586 لنکس بلاک کیے گئے۔
اسی طرح ٹوئٹر (ایکس) پر 2 ہزار 103، لائیکی پر 991 اور اسنیک ویڈیو پر 345 پیجز بلاک کیے گئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 38 ہزار 214 غیر اخلاقی مواد پر مشتمل ویب سائٹس بند کی گئیں۔ ملکی دفاع اور سیکیورٹی کے خلاف مواد پر مبنی 31 ہزار 313 ویب پیجز کو بلاک کیا گیا۔
اسلامی تشخص کے خلاف مواد رکھنے والی 7 ہزار 608، نفرت انگیز مواد پر مشتمل 6 ہزار 269 ویب سائٹس بند کی گئیں۔ اس کے علاوہ ہتک آمیز مواد والی 2 ہزار 498 اور توہین عدالت سے متعلق 353 ویب سائٹس بھی بلاک کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی مواد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو محفوظ اور ذمہ دار بنانے کے لیے مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔