نئے سال کے آغاز پر خوشخبری، خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت
نئے سال کے آغاز پر توانائی کے شعبے کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع کوہاٹ کے علاقے بارگزئی میں تیل و گیس کی دریافت عمل میں آئی ہے۔ اس دریافت کے حوالے سے او جی ڈی سی ایل نے باضابطہ طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور لندن اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق اس نئی دریافت سے یومیہ 4 ہزار 100 بیرل تیل حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ گیس کی پیداوار 10.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے ملکی توانائی کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔ حکام کے مطابق پیداوار کے عمل کو جلد باقاعدہ شکل دینے کے لیے مزید اقدامات جاری ہیں۔