سال 2026 کا پہلا سپر مون 3 جنوری کو نظر آئے گا
ترجمان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق سال 2026 کا پہلا سپر مون 3 جنوری کو آسمان پر جلوہ گر ہوگا، جسے روایتی طور پر وولف مون کہا جاتا ہے۔ یہ سپر مون اکتوبر 2025 سے شروع ہونے والے سپر مونز کے سلسلے کا آخری سپر مون بھی ہوگا۔
سپارکو کے ترجمان نے بتایا کہ اس فلکیاتی مظہر کے دوران کواڈرینٹڈ شہابی بارش بھی اپنے عروج پر ہوگی، جس کے باعث آسمان پر خوبصورت مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔ پاکستان میں سپر مون شام 5 بج کر 51 منٹ پر طلوع ہوگا، جبکہ چاند کی روشنی 99.8 فیصد تک ہوگی۔
ترجمان کے مطابق اس موقع پر زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ تقریباً 3 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر رہ جائے گا، جس کے باعث چاند عام پورے چاند کے مقابلے میں 6 سے 7 فیصد بڑا اور تقریباً 10 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ یہ سپر مون 3 اور 4 جنوری کی درمیانی شب بھی واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
سپارکو نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید بھی کی ہے جن میں سپر مون کو قیامت کی قربت کی نشانی قرار دیا جا رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سائنسی طور پر سپر مون ایک قدرتی فلکیاتی مظہر ہے، جو چاند کے زمین کے نسبتاً قریب آنے کی وجہ سے وقوع پذیر ہوتا ہے اور اس کا کسی بھی قسم کے غیر معمولی یا قیامت خیز واقعات سے کوئی تعلق نہیں۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سپر مون کا مشاہدہ ایک معمول کا سائنسی عمل ہے جو ہر چند سال بعد مختلف اوقات میں دیکھا جاتا ہے، اور عوام کو افواہوں کے بجائے مستند سائنسی معلومات پر انحصار کرنا چاہیے۔