یاسین ملک سمیت کشمیری قائدین اور حریت پسند عوام کی بھارتی جیلوں میں زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ‘ عالمی برادری نوٹس لے،فیصل ممتازراٹھور،ڈاکٹر مشتاق خان
اسلام آباد۔۔۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتازراٹھو ر سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے اہم ملاقات کی’ جس میں مسئلہ کشمیرسمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزادکشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیل راٹھور بھی موجود تھے،دونوں قائدین نے متقفہ طور پر کہا کہ محمد یاسین ملک سمیت کشمیری قائدین اور حریت پسند عوام جو بھارتی جیلوں میں قید ہیں ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں لہذا عالمی برادری اورانسانی حقوق کے ادارے اس کا نوٹس لیں،
ڈاکٹر محمد مشتاق نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیرکو کامیابی کی منزل سے ہمکنار کرانے کیلئے بیس کیمپ نے اہم کردار ادا کرنا ہے’ اس لیے بیس کیمپ میں کسی بھی افراتفری سے بچنے کیلئے یہاں کے مسائل حل کیے جائیں،پبلک سروس کمیشن کی جلد تکمیل اور تمام تقرریاں میرٹ پر کی جائیں،الیکشن کمیشن کا تقرر عمل میں لایا جائے اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنایا جائے،ریاست میں عدم استحکام کی بجائے امن وسکون کا ماحول پیدا کیاجائے،مقبوضہ جموں و کشمیرکی تحریک آزادی کو کامیابی کی منزل سے ہمکنارکرنے کیلئے حکومت سنجیدہ کوشش کرے ۔اس میں تمام جماعتیں آپ کیساتھ ہیں،جہلم ویلی یونیورسٹی کیمپس کے مسائل جلد طے کیے جائیں۔ طلبہ یونین کی بحالی کااعلان خوش آئند ہے اور طلبہ یونین کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرایا جائے،جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے ہمیشہ اچھے کاموں کی تحسین اور مسائل کی نشاندھی کی ہے،
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ میں اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیرکی آزادی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے پوری کوشش کروں گا ۔اگرچہ میرے پاس وقت کم ہے لیکن پوری کوشش ہوگی مسائل حل ہوں۔ آپ نے بھی جن مسائل کی نشاندھی کی ہے ۔ان کے حل کی یقین دھانی کراتاہوں۔ جماعت اسلامی کا تحریک آزادی کشمیرمیں اہم کردار ہے۔ اس کی سب تحسین کرتے ہیں،انھوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی آزادی اور عوامی مسائل کاحل ترحیجی اول ہے،جلد جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر کا دورہ کروں گا،ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے اس موقع پر فیصل ممتاز راٹھور کو جہلم ویلی حلقے کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔