ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ہادی علی چٹھہ کے ٹرائل کورٹ سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری معطل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ہادی علی چٹھہ کے ٹرائل کورٹ سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے اور دونوں کے حقِ دفاع کو بحال کر دیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو رواں ہفتے گواہوں پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان نے درخواستوں پر حکم جاری کیا اور وکیل کامران مرتضیٰ سے استفسار کیا کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ٹرائل کورٹ کے آرڈر کو کالعدم قرار دینا چاہتے ہیں اور گواہوں پر جرح کے لیے ایک ہفتے کا وقت درکار ہے۔
جسٹس اعظم خان نے کہا کہ تین دن دیے جا رہے ہیں، ان میں جرح مکمل کر لیں۔ وکیل نے دوبارہ استدعا کی کہ ہفتہ ہمیں دے دیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ میں دیکھ لیتا ہوں، آپ جائیں اور پُرامن طریقے سے ٹرائل آگے بڑھائیں۔
عدالت کے اس فیصلے کے بعد ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو قانونی کارروائی میں حصہ لینے اور اپنا حقِ دفاع استعمال کرنے کا موقع فراہم ہو گیا ہے۔