کرک میں ایمبولینس پر حملہ، تین اہلکار شہید
کرک کے علاقے قلعہ شہیدان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کے بعد زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کو نذرِ آتش کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں تین اہلکار جھلس کر شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق 23 فروری 2026 کو نامعلوم مسلح افراد نے فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر بغیر پائلٹ طیارے کے ذریعے حملہ کیا، جس میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسیں موقع پر پہنچیں، تاہم واپسی پر حملہ آوروں نے دونوں گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ ایک ایمبولینس کو آگ لگا دی گئی جس میں موجود زخمی اہلکار جل کر شہید ہو گئے، جبکہ دوسری ایمبولینس زخمیوں کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب رہی۔
آگ لگنے سے ایمبولینس کا ڈرائیور اور ریسکیو عملے کا ایک اہلکار بھی جھلس گئے۔ شہید ہونے والوں میں سپاہی مراد گل اور سپاہی ایان خان شامل ہیں جن کا تعلق ضلع ہنگو سے تھا، جبکہ لانس نائیک عادل خان کا تعلق ضلع مانسہرہ سے بتایا گیا ہے۔
دیگر زخمیوں میں حوالدار صابر ولد حکیم شاہ، محمد یوسف ولد شربت خان، حنیف ولد گل زرین اور ڈرائیور احمد حسین شامل ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے بنوں اور کرک کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے میں کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔