اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث اسلام آباد سے خلیجی ممالک جانے والی متعدد پروازیں متاثر ہو گئی ہیں
اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث اسلام آباد سے خلیجی ممالک جانے والی متعدد پروازیں متاثر ہو گئی ہیں، تاہم کچھ روٹس پر فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال بھی کر دیا گیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے لیے پروازوں کا آپریشن مکمل جبکہ دبئی کے لیے جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ فلائی ناس کی ریاض جانے والی پرواز اور فلائی جناح کی جدہ جانے والی فلائٹ روانگی کے لیے تیار ہیں۔
اسی طرح سعودی ایئرلائن کی ریاض اور جدہ جانے والی پروازوں کے لیے چیک اِن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ ایئر سیال کی جدہ جانے والی پرواز بھی چیک اِن کے لیے ٹرمینل پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب کچھ پروازیں منسوخ بھی کر دی گئی ہیں۔ ایئر بلیو کی دبئی اور ایئر سیال کی ابوظہبی جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔ اسی طرح قطر ایئرویز کی دوحہ اور سلام ایئر کی مسقط جانے والی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اتحاد ایئرویز کی ابوظہبی اور ایئر سیال کی دبئی جانے والی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
ادھر گلف ایئر کی دمام جانے والی پرواز شیڈول کے مطابق برقرار ہے اور اسے منسوخ نہیں کیا گیا۔
قومی ایئر لائن کی دبئی اور شارجہ جانے والی پروازوں کے لیے چیک اِن کا عمل جاری ہے جبکہ فلائی دبئی کی دبئی جانے والی پرواز ایف زیڈ 979 کے مسافروں کا چیک اِن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر پروازوں کے شیڈول میں مزید تبدیلیاں بھی ممکن ہیں۔