لداخ میں دس روپے کا انڈا 25 ہزار میں نیلام
لیہہ ۔۔۔ دی مائنڈڈاٹ پی کے
لداخ کے دارالحکومت لیہہ میں ایران کے متاثرہ عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک منفرد ریلیف مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انسانی ہمدردی کی مثال قائم کردی۔
ریلیف ڈرائیو کے دوران چند اشیاء کی علامتی نیلامی کی گئی، جس نے سب کو حیران کر دیا۔ ایک انڈا 25 ہزار روپے(پاکستانی 75 ہزار) جبکہ ایک سیب ایک لاکھ 25 ہزار روپے میں نیلام ہوا۔ بظاہر یہ قیمتیں غیر معمولی محسوس ہوتی ہیں، تاہم منتظمین کے مطابق یہ اصل قیمت نہیں بلکہ عطیات جمع کرنے کا ایک منفرد طریقہ تھا۔
انڈے کے نیلامی کی ویڈیو کا لنک
https://www.facebook.com/reel/3818328238475282/?s=single_unit
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ نیلامی کا مقصد اشیاء فروخت کرنا نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھے کرنا اور ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔ شرکاء نے دل کھول کر بولیاں لگائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مالی امداد فراہم کی جا سکے۔
ریلیف مہم میں نہ صرف مرد بلکہ خواتین اور بچوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ خواتین نے اپنے زیورات عطیہ کیے جبکہ بچوں نے اپنی جمع پونجی پیش کر کے انسان دوستی کا عملی مظاہرہ کیا۔
منتظمین کے مطابق جمع ہونے والی رقم ایران میں متاثرہ افراد کی مدد کیلئے استعمال کی جائے گی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں انسانیت کی خدمت سب سے بڑا فریضہ ہے اور لداخ کے عوام نے اس جذبے کو عملی شکل دے کر ایک مثال قائم کی ہے۔
یہ منفرد اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ انسانیت، ہمدردی اور بھائی چارہ سرحدوں کا پابند نہیں ہوتا بلکہ دنیا بھر کے انسان ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہوتے ہیں۔