
اسلام آباد۔۔
اسلام آباد کے مسیحی خاکروب نے ایمانداری کی وہ تازہ مثال قائم کی جس پررشک ہی کیا جاسکتا ہے ۔نفسا نفسی اور مہنگائی کے عالم میں معمولی آمدن کے باوجود مسیحی بھائی نے بڑا کام کرکے سب کے دل جیت لیے ۔
اسلام آباد کے سیکٹرایچ نائن ٹو میں رہائش پذیر بابر نور نامی شخص کو جی 13 میں گلیوں کی صفائی کے دوران کچرے سے پانچ لاکھ روپے ملے۔ اس رقم کو بابر نے کیا کیا یہ انتہائی دلچسپ ہے ۔

ہوا یوں کہ بابر نور شہر اقتدا کے سیکٹر 13 میں گلیوں کی صفائی کررہا تھا کہ اس دوران ایک گلی میں گھر کےباہر کوڑا دان میں کچرے کے ساتھ 5 لاکھ روپے بھی پڑے ہوئے تھے۔
بابرنور نے کوڑا ریڑھی میں ڈالا تو وہ بڑی رقم دیکھ کربڑاحیران ہوگیا ۔چونکہ بابر مسیح نے مختلف گھروں کا کوڑا ایک ساتھ اٹھایا تھا اس لیے انہیں یہ سمجھ نہیں آیا کہ رقم کس گھر کی ہے
اردو نیوز کے مطابق بابر نور نے اس حوالے سے بتایا کہ گلی کے تمام گھروں سے کوڑا اٹھانے کے بعد جب وہ گلی کے ایک کونے بیٹھے تو اُن کے ہمراہ اُن کا بیٹا بھی تھا۔ میں نے اپنے بیٹے کو کہہ دیا تھا کہ ہم نے اس رقم کو ہاتھ تک نہیں لگانا۔ یہاں انتظار کرتے ہیں جس کی رقم ہو گی وہ آ کر ہم سے لے لے گا۔
’تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ اُسی گلی کے ایک سفید پوش آدمی جن کا نام محمد اکرم ہے میری طرف آتے ہوئے دکھائی دیے۔ میں نے اپنے بیٹے کو کہا کہ شاید انہی کے پیسے ہیں۔ جب یقین ہوگیا کہ رقم اسی بزرگ کی ہےتو باہر مسیح نے ساری رقم اُس کے مالک محمد اکرم کو دے دی۔
بابر نور نے یہ رقم جب مالک کو لوٹا دی تو اُن کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا۔ محمد اکرم نے بابر مسیحی کو ایمانداری پر 15 ہزار روپے کا انعام بھی دیا۔‘
محمد اکرم نے 5 لاکھ روپے کاغذ میں لپیٹ کر اپنے کمرے میں رکھے تھے تاہم اُنکی غیر موجودگی میں گھر کی نوکرانی نے ردی سمجھ کر کوڑا دان میں پھینک دیے اور وہی کوڑا دان خاکروب کے حوالے کر دیا گیا