
ملک میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا۔
شہری علاقوں میں دورانیہ 4 سے 6 گھنٹے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ ملک میں بجلی کا شاٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا۔
شدید گرم موسم میں درجہ حرارت بڑھتے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہونے لگا۔ شہروں میں کم اور دیہی علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق شدید گرمی کے ساتھ ہی طلب اور رسد میں فرق بڑھ گیا ہے۔ اس وقت بجلی کی طلب 22 ہزار 830 میگاواٹ اور پیداوار 17 ہزار 650 سو میگاواٹ ہے۔ طلب اور رسد میں فرق کے باعث 5 ہزار 150 سو میگاواٹ تک شاٹ فال ہے۔ شاٹ فال کے باعث دیہی علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹوں جبکہ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 سے 6 گھنٹے تک ہے۔ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ توسیع منصوبے کے باعث تربیلا کے 8 پاور یونٹ بند ہیں۔
ذرائع کے مطابق سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث بھی ڈسکوز بجلی کی لوڈشیڈنگ کر رہی ہیں۔ اور لوڈنگ فارمولا کے تحت 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ہے۔