
دنیائے کرکٹ میں ایک بار پھر میچ فکسنگ کی گونج ہے ۔ سری لنکا کے اسپنر پراوین جیاوکراما پر میچ فکسنگ کا الزام لگ گیا ۔ آئی سی سی نے کرکٹر کو الزامات پر جواب کیلئے دو ہفتوں کا وقت دیدیا۔
پراوین جیاوکراما سے 2021 میں لنکا پریمئر لیگ میں میچ فکسنگ کیلئے رابطے کا انکشاف ہوا ہے ۔ آئی سی سی کے مطابق لنکن اسپنر نے بکیز کی جانب سے میچ فکسنگ کیلئے رابطے کو رپورٹ نہیں کیا۔ انہوں نے بکیز سے ہونے والی گفتگو کے مسیجز بھی ڈیلیٹ کئے،بکیز نے پراوین جیاوکراما کو ساتھی کھلاڑیوں کو بھی فکسنگ میں شامل کرنے کی دعوت دی تھی ۔
آئی سی سی اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے الزامات پر سخت کاروائی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یاد رہے پراوین جیاوکراما نے اپریل 2021 میں سری لنکا کیلئے ڈیبو کیا ۔ اب تک 15 میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔
چند روز پہلے افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچ فکسنگ کے الزامات ثابت ہونے پر کرکٹر احسان اللہ جنت پر 5 سال کے لیے پابندی لگا دی گئی۔ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق بلے باز احسان اللہ جنت نے رواں سال کابل میں ہونے والی پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن کے دوران آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کی، کرکٹر نے تمام الزامات تسلیم کیے ہیں اور جرم میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے جس کے بعد ان پر پانچ سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔