

المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ نے ڈڈیال آنکھوں کے جدید ترین ہسپتال کی بنیاد رکھ دی جس میں علاج، ادویات اور آپریشن سمیت تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد گزشتہ روز ڈڈیال میں کیا گیا جس کی صدارت المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کی جبکہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر آزاد کشمیر ارشاد قریشی مہمان خصوصی تھے، کمشنر میر پور چوہدری شوکت علی، ممتاز صحافی سہیل وڑائچ اور المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ کی ایم ڈی صدف جاوید نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی.
مقررین میں اسرار نواز ایڈووکیٹ،صدر بار ایسوسی ایشن میرپور بار، راشد لطیف سپیشل سیکریٹری ہیلتھ، علامہ زاہد حسین ضلعی مفتی میرپور، محمد عتیق کیانی صدر المصطفی ویلفیئر سوسائیٹی آذاد کشمیر، ڈاکٹر امجد راجہ سابق ڈی جی ہیلتھ پاکستان شامل تھے . ہسپتال کے قیام کے لیے جامع مسجد ہنسلو کے سیکرٹری جنرل چوہدری شفیق الرحمان نے زمین عطیہ کی ہے.
چیئرمین المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ عبد الرزاق ساجد نے کہا کہ اس ہسپتال کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو آنکھوں کے جدید علاج کی سہولت میسر ہو گی انہوں نے کہا المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ گزشتہ دس سالوں میں آنکھوں کے اڑھائی لاکھ آپریشن کر کے ان غریب لوگوں کی بینائی کا باعث بنا ہے جو عمومی حالات میں علاج کی سکت نہیں رکھتے تھے، انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر، برما، اور غزہ سمیت جہاں بھی مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا ہے وہاں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں کی ہیں.
سیکرٹری ویلفیئر آزاد حکومت نے کہا کہ حکومت المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ کے اس منصوبے کے لیے ہر طرح کے تعاون کو تیار ہے. سہیل وڑائچ نے کہا کہ تارکین وطن اپنے عطیات سے آبائی علاقوں کی خدمت کر رہے ہیں جو ان کی دھرتی کے ساتھ والہانہ وابستگی کا اظہار ہے.
المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ کی ایم ڈی صدف جاوید نے ہسپتال میں ممکنہ سہولتوں کے بارے میں بتایا کہ ہسپتال کی تعمیر سے ایک لاکھ لوگ مستفید ہوں گے،سفید موتیے کے سالانہ آٹھ ہزار سے زائد آپریشن ہوں گے، یہاں پر آپریشن اور. دوائیں سب کچھ مفت ہوگا خون کے تمام بنیادی ٹیسٹ مفت ہوں گے
یہی سہولیات لاہور کے ہمارے ہسپتال میں پہلے سے موجود ہیں. تقریب کی نظامت نواز کھرل نے کی جبکہ بڑی تعداد میں عمائدین علاقہ نے بھی تقریب میں شرکت کی