شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر ۔۔ طلبا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی مفت دیکھ سکیں گے
راولپنڈی۔۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان 30 اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے طلباء کے لیے مفت داخلے کا اعلان کردیا
اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے طلبہ کو یونیفارم میں ہونا چاہیے اور اپنے تعلیمی اداروں کے کارڈز ساتھ لانے کی ضرورت ہے۔ وہ کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز اور پریمیم انکلوژرز- سے میچ دیکھ سکیں گے۔ پی سی بی نےیہ فیصلہ طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا ۔ بنگلہ دیش نے اتوار کو ختم ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی ہے۔طلباء کے لیے مفت داخلے کی پالیسی کا اطلاق پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس میں نہیں ہوگا۔
اس سے قبل پی سی بی نے راولپنڈی کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے اور پانچویں دن شائقین کے لیے مفت انٹری کا اعلان کیا تھا۔ پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح شائقین کی راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم تک رسائی میں آسانی کے لیے میچ کے دنوں میں دو روٹس پر مفت شٹل بس سروس چلتی رہے گی۔ روٹ 1 ایوی ایشن گراؤنڈ، راول روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک چلے گا جبکہ روٹ 2 گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج فار بوائز، سکستھ روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک جائے گا۔