
رپورٹ ۔۔۔ روشن دین دیامری
راولپنڈی ۔۔۔
ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ٹرسٹ لاہور کے راولپنڈی کیمپس کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں "وطنِ عزیز کو درپیش اجتماعی مسائل کا حل سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں” کے عنوان سےعظیم الشان سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر مفتی سعید الرحمٰن اعوان تھے جو کہ ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے سرپرست ہیں۔ سات سال سے زیادہ عرصہ چئیرمین شعبہ علوم اسلامیہ بہاءالدین یونیورسٹی ملتان کے فرائض سر انجام دئیے۔
سیمینار میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کا آغاز ناظم اجلاس نے ادارہ رحیمیہ کے تعارف سے کیا۔ اس ادارہ کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں اجتماعی شعور پیدا کرنا، اور وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے انکی تعلیم و تربیت کا اہتمام کرنا ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتی سعید الرحمٰن نے کہا کہ انسانوں کو ذلت، رسوائی اور معاشی تنگ دستی کے ظالمانہ نظام سے نکالنے کے لئے اللہ تعالٰی نے ہر دور میں نبی بھیجے ہیں، نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ گرامی تمام انسانیت کے لئے رحمت اور ہدایت کا ذریعہ ہے۔ آپﷺ نے انسانوں کو غلامی سے نجات دلائی کیونکہ غلام قوم اور ملک کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتے ہیں۔ اس لیے ماہ ربیع الاول میں خصوصی طور پر اس پہلو پر گفتگو ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دین کی بنیادی تعلیمات دُنیا اور آخرت کی فلاح ہے، حضور ﷺ کی دعوت کا پہلا بنیادی مقصد عرب کی سوسائٹی کو کامیاب بنانا تھا اور اس کے لئے انہوں نے مکہ میں تیرہ سالہ جدوجہد سے ایک منظم جماعت کا قیام کیا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرے سچائی اور دیانت سے ترقی کرتے ہیں جھوٹے اعداد و شمار پر بنے جھوٹے معاشرے اور اس کے فیصلے تمام قوم کے لئے عذاب بن جاتے ہیں۔ پاکستان کے مسائل کی جڑ غلامی کا دو سو سالہ برطانوی نظام ہے، جو آج بھی کسی نہ کسی صورت وطن عزیز پر مسلط ہے۔ حقیقی آزادی کے لئے سب سے پہلے غلامی کے نظام سے چھٹکارا اور اجتماعی طور پر توبہ کرنا ہوگی اور وحدتِ انسانیت کی بنیاد پر بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب آزادی و خوشحالی، امن اور انصاف کا نظام قائم کرنا ہو گا۔
سیمینار میں ایک بڑی تعداد نے سیمینار میں دی جانے والی شعوری رہنمائی کو سراہا۔ اور شرکاء نے اس بات کا ارادہ کیا کہ وطن عزیز کو درپیش اجتماعی مسائل کے حل کیلئے ہم اپنا ذمہ دارانہ کردار بخوبی نبھائیں گے۔