
اسلام آباد ۔۔۔
ریلوے ریزرویشن آفس راولپنڈی میں خواتین ملازمین کے مبینہ طور پر ہراسگی کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ خواتین ملازمین نے متعلقہ برانچ سے شنوائی نہ ہونے پر ڈی ایس پی ریلوے پولیس کو درخواست دیدی۔ ہراسگی واقعات پر کاروائی کا آغاز ہونے سے قبل ہی پولیس کو معاملے کی انکوائری سے روک دیا گیا۔
ریلوے ریزرویشن آفس راولپنڈی میں ڈیوٹی انجام دینے والی ہراسگی کی شکار خواتین ملازمین نے آر ایس اور ایس سی او کے خلاف درخواست جمع کروائی ہے،
ذرائع کے مطابق ہراسگی کیخلاف شکایات کا جواب نہ ملنے پر خواتین ملازمین نے معاملہ ڈی ایس پی ریلوے پولیس کو رپورٹ کیا اور فوری انصاف اور ہراسگی کے ذمہ داران کیخلاف کاروائی کی درخواست کی جس پر ڈی ایس پی ریلوے پولیس نے شکایات کا جائزہ لے کر اس معاملے کی رپورٹ طلب کر لی جبکہ ان واقعات کیخلاف کاروائی کا عندیہ بھی دیا جبکہ ڈی سی او ریلوے سے بھی معاملہ کے بارے میں جواب طلب کر لیا گیا تھا تاہم ڈی ایس ریلوے پولیس کو معاملے کی انکوائری سے روکتے ہوئے کہا کہ خود ریلوے اس معاملے کو دیکھے گا۔
ڈی ایس ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے ڈپٹی ڈی ایس کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کر دی، ڈی ایس ریلوے راولپنڈی نور الدین داور کا کہنا ہے کہ آئندہ تین روز تک تحقیقات مکمل ہو جائے گی۔