
اسلام آباد ۔۔۔ اقبال اعوان
چیرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کا کشمیر جرنلسٹس فورم کے نو منتخب عہدیداران کے وفد سے ملاقات بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بھارتی آرمی چیف جنرل او چندر دویدی کے حالیہ اشتعال انگیز اور جھوٹے بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بھی ہیں۔بھارتی وزیر دفاع کا آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں بیان اور بھارت کے نام نہاد دعوے تاریخی حقائق، بین الاقوامی قوانین، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے صحافتی تنظیموں میں جمہوری عمل کے تسلسل اور معاشرے میں درست اطلاعات کی فراہمی میں ان کے مثبت کردار کو سراہا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام سول سوسائٹی کے اداروں میں جمہوری رویوں، عمل اور روایات کا خیرمقدم کرتی ہے۔رانا قاسم نون نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر ایک پر امن اور خودمختار ہے جہاں کے عوام اپنی مرضی سے زندگی گزار رہے ہیں، اور اس کا بھارتی الزامات سے کوئی تعلق نہیں۔ بھارت کے یہ الزامات اپنی ریاستی دہشت گردی اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کو چھپانے کی ایک ناکام کوشش ہیں۔رانا قاسم نون نے بھارتی آرمی چیف جنرل او نیدر دویدی کے بیان کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نہتے کشمیری عوام پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔ خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کی جبری گمشدگیاں، اور بچوں کے قتل جیسے جرائم بھارتی فوج کے مظالم کی مثالیں ہیں، جو عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا یہ دعوی کہ پاکستان دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے، نہ صرف بے بنیاد ہے بلکہ خود بھارت کے ان جرائم کو چھپانے کی کوشش ہے جو وہ کشمیری عوام کے خلاف روا رکھے ہوئے ہے۔
رانا قاسم نون نے مزید کہا کہ بھارت کی یہ الزام تراشیاں ایک منظم منصوبہ ہیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے غیر قانونی اقدامات کو جواز فراہم کیا جا سکے اور دنیا کی توجہ وہاں ہونے والے مظالم سے ہٹائی جا سکے۔
پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، اور بھارت کی جانب سے جھوٹے بیانات اور پروپیگنڈہ کشمیر کے زمینی حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ رانا قاسم نون نے کہا کہ ہم بھارتی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اپنی جارحانہ پالیسیوں اور مظالم کو فوراً بند کرے، ورنہ اسے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی ان اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔اس عزم کو دہرایا کہ کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی، اور سیاسی حمایت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔اس ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے حل اور اس کی بین الاقوامی اہمیت پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔