
اسلام آباد ۔۔۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان کے بعد چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو بھی خط لکھ دیا ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاک فوج کے سربراہ سے پالیسی میں روبدل کی درخواست کی ہے
بانی پی ٹی آئی کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ کھڑی ہوئی جو خود دو بار کے این آر او زدہ ہیں۔
خط میں دہشت گردی کے باعث فوجی جوانوں کی شہادت کے حوالے سے گزارشات پیش کی گئی ہیں اور خط میں چھ نکات پیش کئےگئے۔ فیصل چودھری نے بتایا کہ خط میں لکھا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج تب کامیاب ہوتی ہے جب قوم اس کے پیچھے کھڑی ہو۔
فیصل چودھری نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف سے پالیسی میں روبدل کی درخواست کی ہے، خط میں ملکی تاریخ کے فراڈ الیکشن 26ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے بھی مواد تحریر کیا گیا ہے، پیکا قانون، پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی دہشتگردی، خفیہ اداروں کی آئینی ذمہ داری، ملکی معاشی صورتحال کا ذکر کیا گیا ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ فوج اور قوم میں دوریاں پیدا ہو رہی ہیں، ان فاصلوں کی سب سے بڑی وجہ اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیز ہیں، اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ کھڑی ہوئی جو دو دفعہ کے این آر او زدہ ہیں جس سے قوم میں نفرت پیدا ہوئی۔