
مظفرآباد ۔۔۔ مقصود منتظر
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ایک روزہ دورہ آزاد کشمیرپہنچ گئے ۔ وزیراعظم نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے راہنماؤں سے ملاقات کی ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اقدامات اٹھائے کی ضرورت ہے،
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا جموں و کشمیر کا تنازعہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے اور رہے گا۔ پاکستان کشمیری عوام کے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، حق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر انجینیئر امیر مقام کو آزاد جموں و کشمیر میں مہاجرین کے مسائل اور خدشات حل کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے ۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کے راہنماؤں نے وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کے جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر خراج تحسین پیش کیا اور کشمیر کی آزادی کی تحریک کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ حریت راہنماؤں نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر بین الاقوامی برادری کے سامنے اجاگر کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق، وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، انجینیئر امیر مقام، عطا اللہ تارڑ، کشمیری رہنما غلام نبی صفی، ایڈوکیٹ پرویز، اعجاز رحمانی، سید گلشن، محمد اشرف ڈار، شاہین اقبال، مشتاق احمد، خورشید احمد خان اور راجہ خادم حسین شاہین شریک تھے.