
اسلام آباد ۔(ارسلان سدوزئی) افغان شہریوں کی پاکستان کے اندر دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پھر سامنے آگئے، شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد افغان شہری نکلا۔
آئی ایس پی آر کے چھ فروری کو دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت لقمان خان عرف نصرت کے طور پر ہوئی، جو کہ کمال خان کا بیٹا ہے، اور افغانستان کے صوبہ خوست کے ضلع سپیرا کا رہائشی ہے۔ افغان شہری ہونے کے ناطے اس شخص کی لاش کی حوالگی کیلئے عبوری افغان حکومت کے حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس طرح کے واقعات واضح طور پر پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا ناقابل تردید ثبوت ہیں، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی،،