
سیکیورٹی فورسزنے بنوں کینٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔۔ پاک فوج کے جوانوں نے جوابی کارروائی میں چار خودکش بمباروں سمیت تمام 16 خوارج کو ہلاک کر دیا۔۔ شدید جھڑپ میں پانچ جوان جام شہادت نوش کرگئے۔۔ صدر اور وزیر اعظم نے فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملک و قوم کے محافظوں کی چوکسی اور بروقت کارروائی ۔۔ بنوں میں خارجی دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنادیا ۔۔خوارجی عناصر نے بنوں کنٹونمنٹ پر حملے کی کوشش کی، حملہ آوروں نے کنٹونمنٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملہ کرنے والے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن میں 4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔ خودکش دھماکوں سے چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، دھماکوں اور فائرنگ سے قریب واقع ایک مسجد اور ایک رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئیں، مسجد اور عمارت کے متاثر ہونے سے 13بےگناہ شہری شہید اور 32 زخمی ہو گئے۔اس دوران شدید جھڑپ میں 5 بہادر جوان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات سے ثابت ہوا ہے کہ حملے میں افغان شہری ملوث تھے، شواہد ہیں حملے کی منصوبہ بندی اور قیادت افغانستان میں موجود خوارج سرغنوں نے کی۔
توقع ہے افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی، پاکستان سرحد پار سے آنے والے خطرات پر ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔۔۔ کہا سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا اور ملک کو ایک بڑے نقصان سے بچایا ۔۔ پوری قوم مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔۔۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کی بھی دعا کی ہے ۔