
سری نگر ۔۔۔ جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اہل پاکستان اور حکومت پاکستان کو 23 مارچ کو ملک بھر میں منائے جانے والے ان کے قومی دن یوم پاکستان پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری کیے گئے ایک بیان میں 23 مارچ 1940 میں منظور کی گئی قرارداد پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس قرارداد نے خطے کے مسلمانوں کو تقویت بخشی اور بااختیار بنایا، جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں متحد ہو کر علیحدہ وطن کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے تھے۔
ترجمان نے کشمیری عوام کی جانب سے حق خودارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مسلسل اجاگر کرنے پر جہاں مملکت خداداد پاکستان کا شکریہ ادا کیا،وہیں اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ناگزیر ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ کشمیری عوام کی جدوجہد تکمیل تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور 23 مارچ 1940 میں منظور کی جانے والی تاریخی قرارداد کشمیری عوام کیلئے تقویت کا باعث ہے۔