
صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر روبینہ خالد کی سوات آمد، ہلال خان کو خراجِ تحسین
سوات ۔۔۔وقار حیدر
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر سوات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دریائے سوات کے حالیہ سانحے میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر دیگر انسانی جانیں بچانے والے بہادر رضاکار ہلال خان سے ملاقات کی۔

یہ دورہ اس المناک واقعے کے دو روز بعد کیا گیا جس میں سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ایک سیاحتی خاندان کے 14 افراد ندی کنارے ناشتہ کرتے ہوئے اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث دریا میں بہہ گئے۔ سرکاری ریسکیو ٹیمیں بروقت پہنچنے میں ناکام رہیں، جس کے بعد ہلال خان نے فوری اقدام کرتے ہوئے ایک عارضی کشتی کی مدد سے دریا کی تند و تیز موجوں کا سامنا کیا اور کئی افراد کی جان بچائی۔ بعدازاں انہوں نے جاں بحق افراد کی لاشیں بھی تلاش کر کے ان کے لواحقین کے حوالے کیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے ہلال خان کی جرأت اور بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہلال خان انسانیت کا چہرہ ہیں۔ انہوں نے اس وقت قدم بڑھایا جب سب خاموش تھے۔ ان کی ہمت، قربانی اور جذبہ پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ایسے ہیروز پاکستان کا فخر ہیں۔ ایک جان بچانا پوری انسانیت کی بچانے کے مترادف ہے۔”
سینیٹر روبینہ خالد نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ہلال خان کے جذبے سے بے حد متاثر ہوئے، اور ان کی ہدایت پر وہ ذاتی طور پر ان سے ملنے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے، اور اس بات کا جائزہ لینے آئیں کہ سندھ حکومت مقامی رضاکاروں کی ریسکیو سرگرمیوں میں کس طرح معاونت فراہم کر سکتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت مستقبل میں سوات جیسے علاقوں میں مقامی ریسکیو رضاکاروں کو ضروری آلات اور وسائل فراہم کرے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے اپنی ذاتی حیثیت میں ہلال خان کو ایک لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا تاکہ وہ اور ان جیسے دیگر رضاکار ریسکیو کے بنیادی سامان کا انتظام کر سکیں۔ انہوں نے کہا:
"یہ میری جانب سے ہلال خان کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے۔”