
لندن ۔۔کشمیر کمپین گلوبل کے چیئرمین اور ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی رہنما نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ 78 برسوں سے باالعموم اور 1989 سے بالخصوص بھارت کے غاصبانہ اور غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلئے برسر پیکار ہیں۔آج تک سوا پانچ لاکھ کشمیری مرد و زن ، بچے اور بزرگ اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں۔انہی قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ کی حیثیت سے دنیا میں موجود اور اس کے حل کی شدت کو اب محسوس کیا جاتا ہے۔البتہ 08 جولائی 2016 میں کشمیری عوام کے ہر دلعزیز نوجوان برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت نے نہ صرف اہل کشمیر کی جدوجہد آزادی کو بام عروج بخشا بلکہ اس معصوم نوجوان کی شہادت بھارت کے خلاف ایک انتفاضہ میں تبدیل ہوگئی۔

نذیر احمد قریشی نے برہان وانی کو ان کے نویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام شہید برہان وانی کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں۔کشمیری عوام نہ تھکے ہیں اور نہ ہی وہ بھارت کے سامنے جھکنے کا نام لیتے ہیں ۔بھارت نے ظلم و جبر کے تمام حربے اور ہتھکنڈے استعمال کیے ۔
آزاد کشمیر میں انوار حکومت کو گرانے کیلئے پیپلزپارٹی تقسیم۔۔۔تنویر الیاس کی تجویز مسترد
انہوں نے کہا ہے کہ 05 اگست 2019 کے بعد کشمیری عوام پر فوجی محاصرہ مسلط کیا گیا ، آئے روز کشمیری عوام کی زمینوں، رہائشی مکانات اور باغات کو قبضے میں لینے کے علاوہ مسلمان ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کا سلسلہ جاری ہے ،اس ظلم و جبر کے باوجود کشمیری عوام بھارت کی غلامی اور فوجی تسلط کو قبول اور تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔یہ برہانی وانی اور لاکھوں شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ بھارت کو ناکامی و رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 08 جولائی تجدید عہد کا دن ہے ۔نہ صرف کنٹرول لائن کی دونوں جانب بلکہ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اپنے اس ہیرو کو یاد کرنے کیلئے جلسے جلوس ‘ تقریبات ‘ سمینارز اور ریلیاں منعقد کرکے شہدا کی قربانیوں کیساتھ وفا کرنے کا عہد نبھائیں،یہی برہان وانی اور لاکھوں شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت ہوگا۔
نذیر احمد قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر یہ پورا خطہ کبھی امن و استحکام کا گہوارہ نہیں بن سکتا لہذا عالمی برادری خاص کر اقوام متحدہ پر لازم ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اس کے عالمی تناظر اور کشمیری عوام کی امنگوں و خواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، جس کا وعدہ اہل کشمیر کیساتھ کیا جاچکا ہے۔