
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی ملک گیر بندش، تمام آپریشنز معطل، خریدو فروخت بند
وفاقی حکومت کی ہدایت پر ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد 31 جولائی 2025 سے کارپوریشن کی بندش کا فیصلہ نافذ العمل ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی آپریشن بند کرنے کے احکامات کی توثیق کرتے ہوئے ادارے کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ ملک بھر کے اسٹورز پر خریدو فروخت کا عمل آج سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
ادارے کے تمام اسٹورز سے اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان وئیر ہاؤسز کو منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کا ای آر پی سسٹم بھی آج سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
حکومتی بے حسی انتہا کو چھو گئی ۔یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین عید پر بھی تنخواہ سے محروم
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کئی دہائیوں سے عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کا ذریعہ تھا، تاہم معاشی دباؤ اور انتظامی تبدیلیوں کے باعث اب یہ ادارہ مکمل بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملازمین کے مستقبل سے متعلق فیصلے جلد متوقع ہیں۔