
غذر ۔۔ گلگت بلستان میں گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث سیلابی ریلوں کا گزرنا معمول بنتا جارہا ہے اور گزشتہ روز بھی غذر میں ایک بڑے ریلے نے ایک بستی کا رخ کیا تاہم ایک چرواہوں کی حاضر دماغی اور بروقت اطلاع سے کئی قیمتی جانیں بچ گئیں
غذر کے گاؤں رؤشن کے چرواہے انصار، محمد خان، محمد اکبر اور وصیت خان نے بہادری کی روشن مثال قائم کردی ہے ۔
گزشتہ روز جب اچانک گلیشیائی جھیل پھٹنے سے گاؤں کو شدید خطرہ لاحق ہوا تو ان نوجوان چرواہوں نے غیر معمولی حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فوری طور پر موبائل کال کے ذریعے گاؤں والوں کو آگاہ کیا اور لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب نکلنے میں مدد دی۔ ان کی بروقت اطلاع اور جرات مندانہ اقدام کے باعث درجنوں قیمتی جانیں بچ گئیں۔
اہلِ علاقہ کے مطابق، یہ چرواہے نہ صرف اپنے مویشیوں کے محافظ ہیں بلکہ آج اپنی برادری اور گاؤں کے اصل ہیرو بھی ہیں۔ ان کی یہ قربانی اور بہادری اس بات کا ثبوت ہے کہ بڑے کارنامے انجام دینے کے لیے کسی بڑے عہدے یا طاقتور حیثیت کی نہیں بلکہ انسانیت کے درد رکھنے والے دل کی ضرورت ہوتی ہے۔