
لاہور سمیت دیگر شہر ڈوبنے کا خطرہ
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں بارش کا باعث بنیں گی ۔
شاہدرہ اور بالوکی کے مقامات پر درمیانی سیلابی صورتحال برقرار ہے جس سے قریبی علاقے خطرے کی زد میں ہیں۔ محکمہ این ای او سی کے مطابق نارووال، شاہدرہ اور لاہور کے شمالی مضافات سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
لاہور میں شاہدرہ، کوٹ محبو، جیا موسیٰ، عزیز کالونی، قیصر ٹاؤن، فیصل پارک، دھیر اور کوٹ بیگم کو ہائی رسک یونین کونسلز قرار دیا گیا ہے۔
شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں بھی متعدد علاقے ممکنہ طور پر متاثر ہوں گے جن میں فیروزوالہ، فیض پور خو، دھمیک، ڈاکہ، برج عٹاری، کوٹ عبدالمالک اور گنیش پور شامل ہیں۔ پتوکی ،پھول نگر، رکھ خان کے، نتی خالصہ، لمبے جاگیر، کوٹ سردار، ہنجرے کلاں، بھٹروال کلاں اور نوشہرہ گائے کے علاقے خطرے کی زد میں آ سکتے ہیں۔
خانیوال میں بھی میاں چنوں، امید گڑھ، کوٹ اسلام اور کبیروالہ کے نواحی علاقے عبدالحکیم متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں اور انخلا کی صورت میں مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہنگامی کٹ تیار رکھیں جس میں پینے کا پانی، خشک خوراک، ادویات اور ٹارچ لازمی موجود ہوں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔