پاکستان اور جنوبی افریقہ دوسرا ٹیسٹ میچ
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنرز نے ٹیم کو ایک مثبت آغاز فراہم کیا۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے 111 رنز جوڑے۔
شان مسعود شاندار فارم میں دکھائی دیے مگر بدقسمتی سے سنچری سے 13 رنز کی دوری پر 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عبداللہ شفیق نے پُراعتماد 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں بابر اعظم 16، امام الحق 17 اور محمد رضوان 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
دن کے اختتام پر سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر اور کیشو مہاراج نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کگیسو ربادا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستان نے میچ میں ایک تبدیلی کی ، حسن کی جگہ اسپنر آصف آفریدی کو شامل کیا گیا۔ 38 سال 299 دن کی عمر میں ڈیبیو کرنے والے آصف آفریدی پاکستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے دوسرے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم میں مارکو جینسن اور کیشو مہاراج کی واپسی ہوئی ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان کو دو میچز کی سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل ہے۔
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر قومی ٹیم بہتر پوزیشن میں ہے، اور دوسرا دن سیریز کے نتیجے کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔