سی ایم ایچ ہسپتال مظفرآباد
مظفر آباد کے ڈاکٹر شوکت بخاری اور سی ایم ایچ کے ڈاکٹر نے آسان حل نکال لیا ۔۔۔ ایک گولی سے بلڈ پلیٹلٹس نارمل ہوگئے
مظفرآباد۔۔۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں واقع سب سے بڑا طبی مرکز سی ایم ایچ شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے میں ایک بار پھر نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے۔
حال ہی میں ڈینگی میں مبتلا ایک مریضہ کو سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کیا گیا، جہاں میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر شوکت بخاری اور طبی عملے کی بروقت تشخیص اور مربوط علاج کے نتیجے میں مریض نے چند ہی گھنٹوں میں قابلِ ذکر اور معجزانہ حد تک صحت یابی حاصل کر لی۔ پاکستان میں ڈینگی کے مریض کی اس قدر تیز رفتار بہتری اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقعہ ہے، جس نے شہریوں اور طبی حلقوں میں خوشگوار حیرت کی لہر دوڑا دی ہے۔
سی ایم ایچ مظفرآباد میں جدید طبی مشینری، تجربہ کار ڈاکٹرز، تربیت یافتہ نرسنگ اسٹاف اور ہمہ وقت دستیاب ایمرجنسی سروسز کی فراہمی مریضوں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ شہریوں نے سی ایم ایچ انتظامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے مظفرآباد اور گردونواح کے علاقوں کا قابلِ اعتماد اور مستند ترین علاج گاہ قرار دیا ہے۔ سی ایم ایچ مظفرآباد کے کمانڈنٹ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ہر وارڈ کا باقاعدہ معائنہ کیا جاتا ہے، جہاں وہ مریضوں کی ضروریات، علاج اور سہولیات کا ذاتی طور پر جائزہ لیتے ہیں۔
مریضوں اور لواحقین کی جانب سے کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں شکایات سیل بھی قائم ہے، جو فوری ردعمل اور حل کے نظام کے تحت فعال انداز میں کام کر رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سی ایم ایچ مظفرآباد میں سرکاری سطح پر فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات معیار، نظم اور ذمہ داری کے لحاظ سے دیگر اداروں کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہیں۔ شہریوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔