اسلام آباد ۔۔
ملکی دفاعی ڈھانچے میں تاریخی پیش رفت ہے۔۔ پاک افواج کا سب سے بڑا عہدہ فلیڈ مارشل کو مل گیا۔ فاتح معرکہ حق ، مرد آہن فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تاریخ کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہوگئے ۔۔صدر مملکت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی منظوری دے دی۔۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے کی سمری منظوری دے دی۔ سمری کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، جو اس وقت چیف آف آرمی اسٹاف کے منصب پر فائز ہیں، آئندہ 5 سال کے لیے چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔۔ سید عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے۔ صدر مملکت نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری بھی دے دی ہے، جو ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے کے بعد نافذ العمل ہوگی۔
وزیراعظم آفس نے اعلان کیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری منظوری دے کر ایوان صدر بھجوائی۔ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ فیصلے دفاعی امور کے تسلسل اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا پروفائل
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی برسوں کی پیشہ ورانہ خدمات ان کی صلاحتیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔۔سید عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل اور آرمی چیف بننے سے پہلے ڈی جی آئی ایس آئی ۔۔ کور کمانڈر گوجرانوالہ اور ڈی جی ایم آئی سمیت کئی اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں ۔۔
"مرد آہن” فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور سپہ سالار پیشہ ورانہ مہارت کا کوئی ثانی نہیں۔۔جنرل عاصم منیر نے اپریل1986 میں پاک فوج میں17 آفیسرز ٹریننگ کورس کے ذریعے کمیشن حاصل کیا۔۔ جنرل عاصم منیر نے آفیسرز ٹریننگ اسکول منگلا سے تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی اور فرنٹیئر فورس23 بٹالین کا حصہ بنے۔۔ انہیں دوران تربیت بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔۔
سید عاصم منیر دوران سروس سعودی عرب میں بھی تعینات رہے۔۔ وہ حافظ قرآن بھی ہیں۔۔ انہوں نے بطور لیفٹیننٹ کرنل مدینہ منورہ میں تعیناتی کے دوران قرآن پاک حفظ کیا۔۔ سعودی عرب میں تعیناتی کے بعد انہیں بریگیڈیئر کے عہدے پر ترقی ملی۔۔جنرل سید عاصم منیر کو فروری2014 میں میجر جنرل کے رینک پر ترقی ملی۔۔ وہ2014 میں کمانڈر فورس کمانڈ نادرن ایریا تعینات رہے۔۔ جنرل عاصم منیر2017 میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی تعینات ہوئے۔۔ اکتوبر2018 کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی اور آئی ایس آئی چیف بنائے گئے۔۔ جنرل عاصم منیر کی کامیابیوں کا سفر جاری رہا اور جون 2019 میں کورکمانڈر گوجرنوالہ مقرر کیے گئے۔۔ اکتوبر2021 میں کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات ہوئے۔ جنرل عاصم منیر کو24 نومبر 2022 کو آرمی چیف مقرر کیا گیا۔۔سیدعاصم منیر پہلے فیلڈ مارشل ہیں، جو ایم آئی اور آئی ایس آئی دونوں خفیہ اداروں کی سربراہی کرچکے ہیں۔۔ اب وہ پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہونے کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔
فیلڈ مارشل کو مبارکبادیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد دے دی ۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی عصری اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے ؛ ملک کا دفاع مزید بہتر ہو گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی ۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکہء حق میں شاندار کامیابی سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہوا اور پاکستان کو عزت ملی
وزیراعظم کی چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ کہا ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاکستان فضائیہ نے معرکہء حق میں شاندار پیشہ ورانہ کا صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کے جنگی ہوائی جہاز تباہ کئے اور دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی ۔پاکستان کے دفاع، ترقی و خوشحالی کے لئے ملک کے تمام ادارے مل کر کام کریں گے ۔ملک کے دفاع کو مل کر ناقابل تسخیر بنائیں گے.