نیو ائیر نائٹ کے لیے ٹریفک پلان تیار
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق نیو ائیر نائٹ پر 350 سے زائد افسران و اہلکار مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر فرائض سرانجام دیں گے۔ 31 دسمبر کی شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے 8 خصوصی سکواڈز تشکیل دے دیے گئے ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کریں گے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ ترجمان کے مطابق سڑکوں پر کسی بھی جگہ گاڑی پارک کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نیو ائیر نائٹ پر شہریوں کی سہولت اور محفوظ آمد و رفت کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔