گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکانِ پارلیمنٹ کی تفصیلات جاری
دسمبر تک اثاثوں اور گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے ارکانِ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے بڑی تعداد میں ارکان مقررہ مدت کے اندر اپنے گوشوارے جمع کرانے میں ناکام رہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے 125 ارکان نے تاحال اپنے گوشوارے جمع نہیں کروائے، جبکہ سندھ اسمبلی کے 62 اور پنجاب اسمبلی کے 159 ارکان بھی مقررہ تاریخ تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرا سکے۔
الیکشن قوانین کے تحت گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان کو 15 جنوری تک حتمی مہلت دے دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کروائے گئے تو متعلقہ ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
گوشوارے جمع نہ کروانے والوں میں متعدد اہم سیاسی شخصیات شامل ہیں، جن میں رمیش کمار ونکوانی، ثمر بلور، سائرہ افضل تارڑ، طاہرہ اورنگزیب کے نام بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور ارشد ووہرا نے بھی تاحال اپنے گوشوارے جمع نہیں کروائے۔
فہرست میں شامل دیگر نمایاں ناموں میں خورشید شاہ، اویس لغاری، عبدالقادر گیلانی اور علی موسیٰ گیلانی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اطلاعات عطا تارڑ، لطیف کھوسہ، طارق فضل چوہدری اور امیر مقام نے بھی اثاثوں اور گوشواروں کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں۔
الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور کسی بھی رکن کو رعایت نہیں دی جائے گی۔