وفاقی حکومت نے ملک میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے پالیسی ڈائریکٹیو جاری کر دیا ہے اور فروری کے وسط میں نیلامی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے پالیسی ڈائریکٹیو جاری کر دیا ہے اور فروری کے وسط میں نیلامی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس نیلامی میں 700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈ شامل ہوں گے اور موجودہ موبائل آپریٹرز کے ساتھ نئے سرمایہ کار بھی حصہ لے سکیں گے۔
پالیسی کے مطابق نیلام شدہ سپیکٹرم تمام موجودہ اور آئندہ ٹیکنالوجیز کے لیے قابل استعمال ہوگا اور کامیاب بولی دہندگان کو 15 سال کے لیے نیا لائسنس جاری کیا جائے گا۔ نیٹ ورک رول آؤٹ مرحلہ وار ہوگا جس میں شہروں، سائٹس اور فائبر ٹو ٹاور اہداف شامل ہوں گے جبکہ صارفین کے لیے بہتر کوالٹی آف سروس کے معیار بھی نافذ کیے جائیں گے۔
سپیکٹرم فیس پاکستانی روپے میں ادا کی جائے گی اور بولی دہندگان کو اسپیکٹرم ٹریڈنگ اور شیئرنگ کی اجازت بھی ہوگی۔ پالیسی ڈائریکٹیو کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) انفارمیشن میمورنڈم جاری کرے گا، جس میں نیلامی کے قواعد و ضوابط اور بولی دینے کا عمل شامل ہوگا۔ حکومت کا مقصد ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید موبائل سروسز کو فروغ دینا ہے۔