فیڈرل ٹی بی سنٹر راولپنڈی کی پنجاب حکومت کو حوالگی کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے راولپنڈی کے فیڈرل ٹی بی سنٹر کی ملکیت پنجاب حکومت کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاق نے پنجاب حکومت سے ٹی بی سنٹر کے لیے ٹرانزیشن پلان طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ پلان فراہم ہونے کے بعد ہی مرکز کی ملکیت پنجاب حکومت کو منتقل کی جائے گی۔
وفاقی وزارت صحت نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ سنٹر کے اثاثوں، ملازمین، اور آلات کے استعمال کے حوالے سے تفصیلی پلان فراہم کرے۔ وزارت صحت کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کے فیصلے کے مطابق ٹی بی سنٹر کے حوالے سے تمام امور کو یقینی بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق، پنجاب حکومت نے فیڈرل ٹی بی سنٹر کا قبضہ حاصل کرنے کے بعد فوری تعمیراتی کام شروع کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔ راولپنڈی میں واقع یہ سنٹر 129 کنال اراضی پر محیط ہے جو فی الحال وفاقی حکومت کے نام ہے۔
فیڈرل ٹی بی سنٹر کی جگہ چلڈرن اسپتال اور نرسنگ ایکسیلنس سنٹر قائم کیا جائے گا۔ نرسنگ سنٹر آف ایکسیلنس ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے تعمیر کیا جائے گا، اور راولپنڈی میں نرسوں کو تعلیم اور تربیت فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صحت کے شعبے میں بہتری اور نرسنگ کے معیار کو بڑھانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔