ورلڈ کپ2026 پاکستان اسکواڈ کا اعلان، سلمان علی آغا کپتان مقرر
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق سلمان علی آغا ٹیم کے کپتان ہوں گے اور ورلڈ کپ میں قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔
نئے اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج شامل کیا گیا ہے۔ ٹیم میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق اور ابرار احمد جیسے ابھرتے ہوئے اسٹارز شامل ہیں، جو اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں سے ٹیم کو مضبوط کریں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے سٹار کھلاڑی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، جن میں بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں تجربے اور مہارت کا توازن قائم ہوگا، جو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
پاکستان کی ٹیم اپنے ورلڈ کپ مہم کا آغاز 7 فروری 2026 کو نیدرلینڈز کے خلاف کرے گی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک شیڈول ہیں، جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
پی سی بی نے اسکواڈ تشکیل دیتے ہوئے توازن، نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی قیادت کو مدنظر رکھا ہے تاکہ پاکستان ٹیم عالمی معیار کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے۔