نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخواہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخواہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخواہ کے چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ، مہمند، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان کے گلگت، استور، غزر، دیامیر، سکردو، ہنزہ اور شگر کے علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح آزاد کشمیر کے باغ، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور نیلم میں بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ برفباری اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت دی ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کے لیے الرٹ رہیں۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ وہ تمام صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے عوام اور متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی فراہم کر رہا ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔