فیڈرل ٹریژری نے روایتی سٹیمپ پیپرز کا اجرا بند کر دیا
اسلام آباد میں وفاقی ٹریژری نے روایتی سٹیمپ پیپرز جاری کرنا بند کر دیا ہے اور پنجاب کی طرز پر ای-سٹیمپنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد جعلسازی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
فیڈرل ٹریژری کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مزید روایتی سٹیمپ پیپرز جاری نہیں کیے جائیں گے، تاہم پہلے سے جاری شدہ سٹیمپ پیپرز اپنی مدت ختم ہونے تک استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
ای-سٹیمپنگ کے تحت اب تک پانچ سو پچاسی چالان جنریٹ کیے جا چکے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر تمام ڈیٹا کو مرتب کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ شہری اب سیٹیزن پورٹل کے ذریعے باآسانی ای-سٹیمپ کی تصدیق بھی کر سکیں گے، جس سے شفافیت اور آسانی دونوں میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی ٹریژری کا کہنا ہے کہ ای-سٹیمپنگ کا آغاز شہریوں کے لیے محفوظ اور موثر طریقہ کار فراہم کرے گا اور سٹیمپ پیپرز سے متعلق فراڈ اور جعلسازی کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گا۔