پشاور اور نیورک کے درمیان نیا رشتہ قائم
نیویارک: امریکا کے تجارتی دارالحکومت نیویارک اور پاکستان کے تاریخی شہر پشاور کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے سسٹر سٹیز ریلیشن شپ کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت نیویارک سٹی کے میئر آفس اور گورنر خیبر پختونخوا کے درمیان رابطوں کے نتیجے میں سامنے آئی۔
نیویارک کے میئر آفس نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے نام بھجوائے گئے مراسلے میں اس سسٹر سٹیز شراکت داری کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی اہم کوشش قرار دیا۔
ابتدائی بات چیت کے بعد نیو یارک میئر آفس کی جانب سے گورنر ہاؤس کو معاہدے کا مسودہ بھجوایا گیا جس کی خیبر پختونخوا کابینہ کی جانب سے منظوری دے دی گئی۔
معاہدے کے تحت دونوں شہر معیشت، تعلیم، نوجوانوں کی اسکل ڈیویلپمنٹ، سائنسی و تکنیکی سرگرمیوں، ثقافتی تبادلوں اور اعلیٰ سطحی وفود کے باہمی دوروں میں تعاون کریں گے۔ اس کے علاوہ، دونوں فریق عوامی معلومات کے تبادلے اور سالانہ پیش رفت رپورٹ کی تیاری پر بھی متفق ہوئے ہیں۔
نیویارک سٹی کے میئر آفس نے اس شراکت داری کو عالمی سطح پر شہری تعاون کے فروغ کی ایک مثبت مثال قرار دیا، جبکہ گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کے مطابق اس معاہدے سے نوجوانوں کے لئے نئے تعلیمی و تکنیکی مواقع پیدا ہوں گے اور جدید صنعتوں میں روزگار تک رسائی بہتر ہوگی۔
حکام کے مطابق پاکستانی کونسلیٹ نیویارک اور نیویارک میں مقیم پاکستانی نژاد کمیونٹی رہنما عمران اِگرا، نے نیویارک سٹی کے اداروں اور گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کے درمیان رابطہ کاری میں سہولت فراہم کی، جس کے نتیجے میں سسٹر سٹیز معاہدے کی راہ ہموار ہوئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پشاور اور جلال آباد، جبکہ پشاور اور اُرمچی کو بھی سسٹر سٹیز قرار دیا جا چکا ہے۔