شہری پیٹرولیم لیوی کے بڑھتے بوجھ کی زد میں، پہلی ششماہی میں ریکارڈ وصولی
اسلام آباد – وفاقی وزارت خزانہ کی تازہ دستاویزات کے مطابق، مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی یعنی جولائی تا دسمبر 2025 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 822 ارب 93 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو ملکی تاریخ میں کسی بھی ششماہی میں سب سے زیادہ ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا دسمبر کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 273 ارب 51 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں وصولی 549 ارب 41 کروڑ روپے تھی۔
وفاقی وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی وصولی کا ہدف 1468 ارب 39 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کی کل وصولی 1220 ارب 21 کروڑ 30 لاکھ روپے سے کافی زیادہ ہے۔ تاریخی اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2023-24 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 1019 ارب روپے رہی، جبکہ مالی سال 2022-23 میں یہ رقم 580 ارب روپے تھی۔
ماہرین اقتصادیات کے مطابق، پیٹرولیم لیوی کے اس مسلسل بڑھتے ہوئے بوجھ سے شہریوں پر مالی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے اور عام صارفین کی زندگی پر اس کے براہِ راست اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔