اس بار روزے تیس ہونے کے قوی امکان ہیں
اسلام آباد — محکمہ موسمیات نے شوال 1447 ہجری کے چاند سے متعلق پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 مارچ کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شوال 1447 ہجری کا چاند 19 مارچ کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔ غروبِ آفتاب کے وقت ملک کے بیشتر موسمیاتی اسٹیشنز پر چاند کی عمر تقریباً 12 سے 13 گھنٹے ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں نہیں سمجھی جاتی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کم عمر ہونے کے باعث 19 مارچ کی شام چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کرنا مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے دائرہ اختیار میں ہے، اور وہی شوال کے چاند اور عیدالفطر کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرے گی۔
یاد رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کے اختتام اور عیدالفطر کی تاریخ کے تعین کے لیے محکمہ موسمیات کی سائنسی پیشگوئیوں کے ساتھ ساتھ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی شہادتوں اور اجلاس کو فیصلہ کن حیثیت حاصل ہوتی ہے۔