
مظفر آباد۔۔۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں ان سے حریت کانفرنس کے وفد نے بھی ملاقات کی ۔
وزیراعطم شہباز شریف کے ہمراہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق اور وزیرامور کشمیر امیر مقام بھی تھے ۔
کنوینر محمود احمد ساغر کی قیادت میں حریت کانفرنس کے نے وزیر اعظم کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ۔
وفد میں محمود احمد ساگر، غلام محمد صوفی، سید فیض احمد نقشبندی، الطاف احمد بھٹ، شہزاد وانی، اعجاز رحمانی، زاہد اشرف، اور الطاف حسین وانی شامل تھے
مظفر آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نے حریت قیادت کو پاکستان کی جانب سے سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر قدم اور ہر وقت کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل آیا اور اب کشمیر کے معاملے پر کوئی کمزوری نہیں ہوگی ۔ عالمی سطح پر کشمیریوں کی بھرپور وکالت کی جائے گی ۔بھارت کشمیریوں کے حوصلے توڑ نہیں سکتا ۔ مقبوضہ کشمیر میں الیکشن محض ایک ڈرامہ ہے۔ بھارت اپنی نام نہاد قانون سازی اور عدالتی فیصلوں کی آڑ میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہو سکتا
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کشمیر کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر طریقے سے اجاگر کرنے کے لئے وزارت خارجہ اور بیرون ملک پاکستانی مشنز مزید بہتر طریقے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔ پاکستانی میڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے
انہوں نے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کو حریت رہنماؤں سے روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کردی ہے